حافظ محمد محفوظ الحق (حاصل پور)
مورخہ 3 نومبر 2021کا دن گورنمنٹ ہائی سکول نمبر1 حاصل پور منڈی، ضلع بہاول پور کے طلباء کے لیے بڑا پرجوش او ر خوشی کا دن تھا ۔سکول کی اسمبلی میں ہی طلباء کو آگاہ کردیا گیا کہ آج آپ نے اپنے پسندیدہ امیدوار کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالنا ہے ۔ طلباء کا جوش خروش دیدنی تھا ۔ سکول کی ایک مخصوص کردہ دیوار پر سٹوڈنٹ کونسل کے امیدواروں کے پوسٹرز اور پینا فلیکس اپنا رنگ بکھیر رہے تھے اور طلبا ء کی توجہ اپنی جانب کھینچ رہے تھے۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب کی ہدایات کے تحت سکولوں میں طلباء اور اساتذہ کے مابین بہتر رابطہ سازی، طلباء میں مثبت سر گرمیوں کو پروان چڑھانے ، فیصلہ سازی اور انتظامی معاملات پر دسترس ، گفت و شنید پر عبور ،ساتھی طلباء سے مشاورت اورجمہوری اقدار سے متعارف کرانے کے لیے سٹوڈنٹ کو نسل کے انتخابات کا انعقاد کروایا گیا ۔
سکول میں الیکشن کمشنر کی تقرری کے ساتھ ساتھ ایک الیکشن ٹریبونل بھی بنایا گیا۔ پولنگ کے عمل کامیاب بنانے کے لیے اساتذہ کرام میں سے پریذائڈنگ افسران اور پولنگ عملے کی تعیناتی عمل میں لائی گئی جب کہ طلباء میں سے پولنگ ایجنٹس کا انتخاب کیا گیا ۔ صدر ، نائب صدر اور جنرل سیکرٹری کے انتخاب کے لیے مختلف رنگوں کے بیلٹ پیپرز چھپوائے گئے ۔ صبح ٹھیک 9 بجے پولنگ کا آغاز کر دیا گیا ۔ اساتذہ نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں ۔طلباء کی زیادہ تعداد کے پیش نظرسکول میں 9 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ۔ پولنگ 9بجے سے شروع ہو کر 12 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی۔ مختلف کلاسوں کے طلباء سیکشن وائز متعین کردہ پولنگ بوتھ پر اپنا ووٹ کاسٹ کرتے رہے۔ ووٹنگ کا ٹرن آؤٹ تقریباً 98 فیصد رہا۔
پولنگ ختم ہونے کے بعد ای لائبریری میں پرنسپل صاحب کی موجودگی میں ووٹوں کی گنتی کی گئی۔ نتائج کے لیے ووٹ بار بار گنے گئے۔ بالآخر انتخابی نتیجہ مرتب ہوا۔ دوپہر ڈیڑھ بجے اسمبلی گراؤنڈ میں طلباء کو جمع کیا گیا ۔ انتخابی نتائج سننے کے لیے طلباء بڑے بے تاب اور مضطرب تھے۔ انتظار کی گھڑیاں ختم ہوئیں اور نتائج کا اعلان کیا گیا ۔ جماعت دہم (اقبال ) کے طالب علم قمر شہزاد نے سب سے زیادہ 687ووٹ حاصل کر کے اپنی صدارت پکی کر لی ، ان کا انتخابی نشان پھول تھا۔ نائب صدارت کے عہدے کے لیے جماعت دہم (عثمان ) کے طالب علم علی حسن نے اپنے انتخابی نشان میزائل پر 609 ووٹ حاصل کیے ۔ جب کہ جماعت دہم (قدیر) کے طالب علم صدیق اکبر نے اپنے انتخابی نشان سٹیپلر پر 700 ووٹ حاصل کر کے سٹوڈنٹ کونسل کے جنرل سیکرٹری منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد پرنسپل افتخار احمدنے منتخب عہدے داران کو مبارک باد دی اور امید ظاہر کی کہ سٹوڈنٹ کونسل کے عہدے دار اساتذہ اور طلباء کے درمیان ایک پل کا کردار اداکریں گے ۔ بعد ازاں طلباء نے جیتنے والے امیدواروں کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے انہیں اپنے گھیرے میں لے لیا اور جیت کا جشن مناتے ہوئے اپنی اپنی کلاسوں میں واپس چلے گئے ۔