مسئلہ آپ کا، حل ہمارا

سوال: میں ایک ورکشاپ میں کام کرتا ہوں لیکن مجھے  تعلیم حاصل کرنے کا بہت شوق ہے۔ میرے والدین بہت غریب ہیں۔ وہ میرے تعلیمی اخراجات برداشت نہیں کر سکتے۔ میں پڑھ لکھ کر بڑا آدمی بننا چاہتا ہوں۔ میں اپنا یہ خواب کیسے پورا کر سکتا ہوں؟

محمد ابراہیم احمد، نزد چونگی نمبر 9، ملتان

جواب: اے پیارے  بچے! تم دنیا کے  ایک خوب صورت بچے ہو جو اپنے خواب کو شرمندہ  تعبیر کرنے کے لیے اتنے بے  چین ہو۔ جب انسان سچے دل سے  کسی چیز کو پانے کا  تہیہ کر لے تو دنیا کی ہر چیز اس کی  مدد کرنے پر آمادہ  ہو جاتی ہے۔ اللہ  تعالیٰ ہر کام  خود ہی آسان کر دیتا ہے۔ محکمہ تعلیم جنوبی پنجاب نے مالی استطاعت نہ ہونے کے باعث سکول  نہ جانے والے اور محنت مزدوری کرنے والے بچوں کو مفت تعلیم کی فراہمی کے ایک پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کیا ہے۔ اس سلسلے میں ابتدائی طور پر گورنمنٹ  پرائمری سکول رحیم آباد، ملتان اور گورنمنٹ پائلٹ سکینڈری سکول ملتان میں ‘صبح نو’ سکول قائم کیے گئے ہیں جہاں صبح سات بجے سے دس بجے تک انہیں معیاری تعلیم مفت فراہم کی جاتی ہے۔ صرف یہ نہیں بلکہ ایسے بچوں کو مفت کتابیں، کاپیاں، بیگ اور سکول یونیفارم بھی مہیا کی جاتی ہے۔ تعلیم  حاصل  کر کے بڑا آدمی  بننے  کے  خواب کی  تکمیل میں محکمہ تعلیم جنوبی پنجاب  آپ کے ہم رکاب ہے۔ آپ جیسے  پیارے  اور کچھ کر گزرنے کے دھنی بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے ہی  محکمہ تعلیم جنوبی  پنجاب نے یہ  نعرہ  لگایا ہے: آؤ سکول چلیں، ہو جاؤ تیار۔۔۔۔ 1234۔ لہذا آپ اس کی ہیلپ لائن نمبر 1234 پر فون کر کے اس حوالے سے تمام تفصیلات جان سکتے ہیں۔ اگر آپ ملتان میں چونگی نمبر 9 کے آس پاس رہتے ہیں تو گورنمنٹ پرائمری سکول  رحیم آباد آپ کو نزدیک پڑتا ہو گا۔ آپ اعتماد اور یقین کے ساتھ  آج ہی  وہاں جا کر ‘صبح  نو’ سکول میں اپنا داخلہ کرائیے اور اپنی زندگی کی  صبح نو کا آغاز  کیجیے۔ اللہ تعالیٰ  آپ کا حامی  و ناصر ہو۔            

شیئر کریں
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •